غازی آبادی میں حج ہاوز کی تعمیر پر اعتراض

نئی دہلی ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : عازمین حج کی سہولت کے لیے غازی آبادی میں ایک حج ہاوز کی تعمیر میں قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے جو کہ دریائے ہڈن کے سیلابی علاقہ میں واقع ہے ۔ اس خصوص میں ایک شکایت پر نیشنل گرین ٹریبونل کے صدر نشین جسٹس سوتنتر کمار کی زیر قیادت ایک کمیٹی نے وزارت ماحولیات و جنگلات ، حکومت اترپردیش ریاستی محکمہ آبپاشی اور انسداد الودگی بورڈ اترپردیش حج کمیٹی کو نوٹسیں جاری کی ہیں ۔ جبکہ درخواست گذار نے مذکورہ حج ہاوز کو منہدم کردینے کی گذارش کی ہے ۔ غازی آباد کے شہریوں اور ایک این جی او سوسائٹی نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ حج ہاوز کی تعمیر دریائے ہنڈن (Hindon) کی اراضی پر کیا گیا ہے جو کہ ریونیو ریکارڈ میں شامل ہے ۔۔

بھاگلپور سے دو بدنام زمانہ مجرم گرفتار
بھاگلپور، 2ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں بھاگلپور ضلع کے پربتہ تھانہ علاقے کے جھانوي چوک کے قریب سے پولیس نے آج صبح دو بدنام زمانہ مجرموں کو اسلحہ کے ساتھ گرفتار کر لیا۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ منوج کمار نے بتایا کہ اطلاع کی بنیاد پر جھانوي چوک کے قریب سے بدنام زمانہ مجرم ٹیرا منڈل اور روہت منڈل کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ گرفتار مجرموں کے پاس سے ایک رائفل، ایک پستول اور کچھ کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔مسٹر کمار نے بتایا کہ گرفتار مجرموں کی بھاگلپور، کھگڑیا، مونگیر اور مدھے پورا اضلاع کی پولیس کو قتل اور لوٹ سمیت کئی فوجداری مقدمات میں طویل عرصے سے تلاش تھی۔ پولیس ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔