غازہ سے اسرائیل میں دوراکٹس داغے گئے

یروشلم 13 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی فوج نے آج کہا کہ غازہ پٹی سے اسرائیل میں آج شام کے وقت مزید دو راکٹس داغے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ آج ہی اسلامک جہادی گروپ نے اسرائیل کے ساتھ راکٹ حملوں کے سلسلہ میں جنگ بندی کی پیشکش کی تھی جس کے بعد دو راکٹس داغے جانے کا ادعا کیا گیا ہے جس کے بعد اس پیشکش پر کسی طرح کی پیشرفت غیر یقینی کیفیت کا شکار ہوگئی ہے ۔ دو پہر کے بعد کئے گئے اس حملے کے تعلق سے کسی بھی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ اکثر و بیشتر اسلامک جہاد کی جانب سے اسرائیل پر اس طرح کے حملے کئے جاتے ہیں ۔ کہا گیا ہے کہ اس گروپ نے گذشتہ دو دن میں جملہ 60 راکٹس اسرائیل میں داغے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ آج جملہ چار راکٹس داغے گئے ہیں۔ فریقین کے مابین فی الحال 2012 کے بعد سے سب سے زیادہ شدت سے لڑائی کا سلسلہ جاری ہے ۔