عین افطار و سحر برقی گل، محکمہ بر قی کی مسلم بستیوں کے ساتھ لاپرواہی

ٹولی چوکی ، گلشن نگر کالونی ، ڈائمنڈ ہلز کے عوام کو پریشانی ، شکایت کے باوجود حکام خواب غفلت میں
حیدرآباد ۔ /30 مئی (سیاست نیوز) علاقہ ٹولی چوکی کی گلشن کالونی ، نیو گلشن کالونی ، ڈائمنڈ ہلز کی عوام ان دنوں برقی عہدیداروں کی لاپرواہی اور غفلت سے شدید تکالیف کا شکار ہیں ۔ ان علاقوں میں عین افطار اور سحر کے وقت برقی گل ہوجاتی ہے اور شکایت پر کوئی اقدام نہیں ہوتا ۔ کبھی ایک فیس تو کبھی دو فیس اور کبھی لو وولٹیج جیسے سنگین مسئلہ پر کوئی توجہ دینے والا نہیں ۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے رمضان المبارک کی آمد ہی سے اس طرح کے مسائل میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گولکنڈہ سب اسٹیشن کے تحت اس ٹرانسفارمر میں بار بار خامی کے سبب مرمت اور مستقل حل کرنے والا کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔ جبکہ اس علاقہ کی عوام کے لئے کوئی عوامی نمائندہ نہیں کے برابر ہے چونکہ اس علاقہ کی عوام بھی مقامی عوامی نمائندے کو عملاً بھول چکے ہیں ۔ چونکہ دیگر بستیوں کی عوام کا خیال ہے کہ مقامی نمائندہ صرف اوور فلو اور ڈرینیج کے کاموں کی حد تک ہی دستیاب رہتے ہیں ۔ ان علاقوں میں برقی مسائل پر شکایت کرنے پر کوئی توجہ دینے والا نہیں ۔ اس سلسلہ میں الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداروں سے بات کرنے پر ان کا رویہ بھی تعجب کا باعث ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس علاقہ میں برقی کے لو وولٹیج اور بار بار فیوز خراب ہونے کا مستقل حل تلاش کیا جارہا ہے اور جبکہ چند عہدیداروں کی مبینہ لاپرواہی ان کے متعصبانہ رویہ کی عکاسی کرتی ہے ۔ حکومت کو چاہئیے کہ وہ اس علاقہ کے عوامی مسائل کو حل کرنے کے موثر اقدامات انجام دیں اور عوام کو راحت فراہم کریں ۔