عیسائی برادری کا آر ایس ایس کے حملوں کے خلاف اعلان جنگ

آل انڈیا کرسچن پارٹی کے بانی و صدر سی وی این راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : آر ایس ایس کی گھر واپسی مہم سے پریشان عیسائی برادری نے سخت موقف اختیار کرلیا ہے ۔ آر ایس ایس کی بربریت کا سب سے زیادہ نشانہ بنے عیسائیوں نے اب آر ایس ایس سے جنگ کا اعلان کردیا ہے ۔ خود کی حفاظت کے لیے عیسائیوں نے جنگ کا اعلان کیا ہے ۔ یہ بات آل انڈیا کرسچن پارٹی نے اپنے ایک پیغام میں بتائی ۔ پارٹی کے بانی صدر سی وی این راؤ نے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ آر ایس ایس کے مبینہ حملوں سے بچنے کے لیے عیسائیوں نے خود حفاظتی کے تحت یہ اعلان کیا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ جس ملک کے آئین میں مذہبی آزادی اور اظہار خیال کی آزادی ہے ۔ وہاں چند افراد اس طرح زبردستی پابندی یا پھر مشکلات پیدا نہیں کرسکتے ۔ تبدیلی مذہب بنام گھر واپسی مہم سے ملک میں بے چینی پیدا کی جارہی ہے ۔ آل انڈیا کرسچن پارٹی نے عیسائی قائدین اور پادریوں کو ہتھیار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آر ایس ایس اور اس سے ملحقہ تنظیموں وشوا ہندوپریشد ، بجرنگ پر پابندی عائد کی جائے ۔ اس کے علاوہ تبدیلی مذہب کے خلاف جاری مہم پر روک لگانے اور تمام تر کوششوں کو بند کرنے کی مانگ کی ہے ۔ پارٹی نے آر ایس ایس ذہنیت کے افراد ان کی جڑوں کو کاٹنے پر زور مطالبہ کیا ۔ عیسائی کی یہ سیاسی پارٹی کا کہنا ہے کہ گھر واپسی کے نام پر عیسائیوں کو سب سے زیادہ ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے اور ان کا مقصد ہے کہ عیسائی مشنریز کے مقاصد کو تباہ و برباد کرنا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس طرح کی سماج میں بے چینی پیدا کرنے والی مہم اور کوششوں سے عیسائیوں میں خوف پیدا کیا جارہا ہے ۔ جو ہندوستانی سماج کے لیے خطرناک بات ہے ۔۔