عید کے موقع پر سعودی ولی عہد کا سرحدی علاقے کا دورہ

ریاض ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز عید الفطر کے موقع کچھ وقت وطن کے محافظوں کے ساتھ گذارنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے شمالی سرحدی علاقے ’رفحاء ‘ گئے، جہاں انہوں نے مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق رفحاء ہوائی اڈے پر شمالی سرحدی علاقے کے گورنر شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز بن مساعد، رفحاء میں فوج کے کمانڈر عبداللہ بن عبداللہ الفعم، گورنر رفحا بدر بن ابراہیم الھزاع، شمالی سرحد پر متعین مسلح افواج کے بریگیڈ کمانڈر میجر جنرل فہد بن عبداللہ المطیر، پولیس چیف میجر جنرل سیف اللہ العتیبی اور کئی دوسرے عسکری قائدین نے ولی عہد کا استقبال کیا۔ سرحدوں پر وطن کے دفاع کا فریضہ انجام دینے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے آئے ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ ان کے ہمراہ کھانا کھایا

اور گروپ فوٹو بنوائے۔ اس موقع پر ایک مختصر مگر پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ولی عہد نے دفاع وطن کے لیے اپنی خوشیوں کو قربان کرنے والے مسلح افواج کے جوانوں کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر سمیت کسی بھی خوشی کے موقع پر ہرشہری کو اس کے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا حق ہے، مگر مسلح افواج کے افسر اور جوان وطن اور قوم کے دفاع کی خاطر اپنی خوشیاں قربان کر دیتے ہیں۔ ولی عہد کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی کے لیے اپنی خوشیاں قربان کرنے والے قوم کے محسن ہیں اور ان کے ساتھ کچھ وقت گذار کر انہیں دلی خوشی اور اطمینان حاصل ہوا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک پر ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی صفحے پر ان کے دورہ رفحا کی تصاویر پوسٹ کی گئی ہیں جہاں انہیں مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کے درمیان دوستانہ ماحول میں گپ شپ کرتے دکھایا گیا ہے۔