عید الاضحی کا پیام ایثار و قربانی اور اللہ سے عشق

مولانا محمد الیاس احمد شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( فیاکس ) : عیدالاضحی کا پیام ایثار و قربانی اور اللہ سے عشق ہے دعاؤں سے پیدا ہونے والے فرزند کو اللہ کے حکم پر قربان کرنا ، بیوی اور شیرخوار بچہ کو ریگستان بیابان میں اللہ کے حکم پر چھوڑ دینا ۔ نارنمرود سے بے خوف و خطر رہنا ، کعبتہ اللہ کی تعمیر کرنا ، یہ ابراہیم علیہ السلام کا اللہ سے عشق ہے ۔ جن کو اللہ پاک نے خلیل اللہ کہا ۔ مولانا محمد الیاس احمد شاہ قادری صدرنشین خیر الوریٰ فاونڈیشن نے عید الاضحی کے موقع پر خیر الوریٰ فاونڈیشن کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا جذبہ قربانی اللہ تعالی کو پسند ہے ۔ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص قربانی کے ایام میں جو قربانی کرے گا اللہ تعالیٰ بنی کلب کی بھیڑوں کے بالوں کے برابر اس کے گناہوں کو معاف کرے گا ۔ اللہ تعالی نے ہاجرہ ؑ کی پہاڑوں پر دوڑ کو حج کے ارکان میں شامل کردیا اور ابراہیم ؑ کی دعاوں کو قبول فرمایا کہ اے اللہ میری ذریت میں آخری نبی ﷺ کو عطا فرما اور میری اولاد میں تقویٰ اور ان کو ملت کی امامت عطا فرما ۔ اللہ تعالیٰ کے خلیل ہونے کے باوجود آپ نے نیک اولاد کی دعا فرمائی اور ان دعاؤں کا نتیجہ تھا کہ اسمعیل ؑ کی اطاعت و فرمانبرداری ساری کائنات نے دیکھی کیسے آپ نے اللہ تعالیٰ کی راہ میں ذبح ہونے کو اپنی سعادت سمجھا ۔ اجلاس کا آغاز سید مزمل حسین کی قرات کلام پاک سے ہوا اور سکریٹری پروفیسر عرفان احمد قادری نے شکریہ ادا کیا۔ حضرت سید محی الدین حسینی کی دعا پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔۔