عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے انتظامات

چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی ہدایت ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔31 اگست (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے کہا کہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ریاست بھر میں نظم و نسق کو اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کئے ہیں تاکہ دونوں تہواروں کے موقع پر کوئی شرانگیزی نہ ہونے پائے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ چوں کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور گنگا جمنی تہذیب کے لیے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے، لہٰذا دونوں تہواروں کے پرامن اور بھائی چارگی کے ساتھ انعقاد میں کسی کو کوئی شبہ کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کی تہذیب کے اعتبار سے ایک دوسرے کے تہواروں اور عید میں لوگ محبت اور خلوص کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے خوشیوں میں شامل ہوتے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو تلنگانہ میں کسی روایت کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال مکمل قابو میں ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے کے سی آر نے ریاست کو فرقہ پرستی اور نفرت سے پاک کرنے کی مساعی شروع کی تھی جس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے سلسلہ میں تمام ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ شرپسند عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اس کے علاوہ افوہوں پر عوام کو ہرگز کان نہیں دھرنا چاہئے۔ محمود علی نے کہا کہ عیدالاضحی کے تین دنوں میں قربانی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور اگر جانوروں کی منتقلی کے سلسلہ میں مکمل شرائط کی تکمیل کی جائے تو شرپسندوں کو کوئی موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی گوشے سے حالات بگاڑنے کی کوششوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حیدرآبادی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عید اور تہوار منائیں اور ایک دوسرے کی خوشی میں شامل ہوتے ہوئے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی روایات کو مستحکم کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سکیولرازم پر اٹوٹ ایقان رکھتے ہیں اور نظام حیدرآباد کی طرح وہ ہندو اور مسلمانوں کو اپنی دو آنکھیں تصور کرتے ہیں۔ ترقی اور فلاحی اقدامات کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے مسلم اقلیت کو دیگر طبقات کے مماثل مواقع فراہم کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ایس سی ایس ٹی طبقات کی طرح اقلیتوں کے لیے بھی اقامتی اسکولس کا قیام عمل میں لایا گیا جو کے سی آر کا کارنامہ ہے۔ اس کے علاوہ دیگر طبقات کے ساتھ مسلمانوں کے تحفظات کے فیصد میں اضافہ کے لیے اسمبلی اور کونسل میں قانون سازی کی گئی ہے۔ محمود علی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے موقع پر موثر انتظامات کے سلسلہ میں پولیس اور دیگر سرکاری محکمہ جات سے مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے انتظامات کے سلسلہ میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار متحرک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے سلسلہ میں تمام اہم عیدگاہوں بشمول عیدگاہ میرعالم پر حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وقف بورڈ کے انتظامات کے علاوہ حکومت کے تقریباً 10 سے زائد محکمہ جات انتظامات میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ برقی، آبرسانی، آر ٹی سی کے علاوہ جی ایچ ایم سی، ہیلتھ اور دیگر محکمہ جات کو ان کی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں پابند کیا گیا ہے۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی، پینے اور وضو کے لیے پانی کا نظم اور شہر کے مختلف علاقوں سے آر ٹی سی کی جانب سے عیدگاہ تک کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام رہے گا۔