عہدیداروں کی لاپرواہی سے عوام کو مشکلات

بلدیہ میدک کے اجلاس میں کونسلرس کا اظہار برہمی ‘ مختلف امور پر مباحث

میدک ۔ 31 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بلدیہ میدک ٹاؤن میں کونسل اجلاس کا چیرمین بلدیہ مسٹر اے ملکارجن گوڑ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی بلدی کونسلرس نے ٹاؤن میں عوام کو پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے مشن بھگیرتا اسکیم کے تحت کھودے گئے گڑھوں کو مسطح نہ کرنے اور پائیپ لائنوں کی تنصیب کے بعد دوبارہ ان کناروں کو لیول نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انجنیئرس بلدیہ اور کمشنر پر غفلت اور تساہلی برتنے کا الزام لگایا ۔ کونسلرس نے کہاکہ عوام کو اس طرح کے اقدام سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ گلی کوچوں اور تمام سڑکوں کی حالت ابتر ہوچکی ہے ۔ وارڈ نمبر 8 رحمت نگر کی بلدیہ میں نمائندگی کرنے والے کونسلر مسٹر مایا ملیشم بھی 28 مارچ کو مشن بھگیرتا کے ادھورے کاموں کا شکار ہوگئے ۔ وہ اپنی بائیک پر گرپڑے اور انہیں یشودھا ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے ۔ جس پر صدرنشین ملکارجن گوڑ نے کمشنر بلدیہ سمیا کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ مشن بھگیرتا کے کاموں کو انجام دینے والے کنٹراکٹ کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ و نیز کنٹراکٹ کے ساتھ ایک میٹنگ طلب کرتے ہوئے تفصیلی جائزہ لیا جائے۔ اس طرح دوسرے اہم امور پر بات کرتے ہوئے چیرمین بلدیہ نے کہا کہ موسم گرما میں شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے خانگی بورویلس کے ذریعہ کرایہ ادا کرتے ہوئے پانی کی بہتر انداز میں سربراہی کی جائے ۔ کونسلر وارڈ 18 خواجہ سہیل محی الدین نے میدک ٹاؤن میں اوقافی اراضیات پر ناجائز فیصلوں سے متعلق مسئلہ اٹھایا ۔ انہوں نے عیدگاہ میدک ٹاؤن میں بلدیہ کی جانب سے بورویل کی تنصیب کا مطالبہ کیا ۔ اس اجلاس میں وائس چیرمین بلدیہ مسٹر راگی اشوک ‘ بلدیہ کونسلرس مسرز سید صادق ‘ ایم گنگادھر ‘ چندرا کلا ‘ ایم اے سلام ‘ آمینہ حمید ‘ جلہ گائتری ‘ گائتری ملک ‘ ایم لکشمی ‘ آر کے سرینواس ‘ ایم مدھوسدن راؤ‘ آر آر دیواکر ‘ ڈپٹی انجنیئر بلدیہ چیرنجیوی ‘اسسٹنٹ انجنیئر سائی گوڑ بھی موجو دتھے ۔