عورت کو شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری میں زندگی گذارنے کا مشورہ

جامع مسجد محمدی سکندرآباد میں ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ نومبر : ( راست ) : جامع مسجد محمدی ساوتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی محمد مستان علی قادری ناظم اعلی جامعتہ المومنات نے کہا کہ ایسی عورت جو بغیر کسی عذر کے بغیر معقول وجہ کے خلع کا مطالبہ کرتی ہے تو اللہ اور اس کے فرشتے اس پر لعنت کرتے ہیں ۔ عورت کو شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری میں زندگی گذارنا چاہئے ۔ نکاح محبت و اخوت داری پیدا کرتا ہے ۔ طلاق و خلع دونوں کے شوہر اور بیوی کے درمیان عداوت ، بغض ، جدائی کو پیدا کرتاہے ۔ شوہر کو اپنی زبان سے بار بار طلاق کا لفظ نہیں لانا چاہئے کیوں کہ یہ کلمہ اگر بیوی کو غصہ سے یا ہنسی مذاق میں یا کسی بھی طرح استعمال کریں تو طلاق صریح واقع ہوجاتی ہے اور نہ ہی ایسے کلمات کا استعمال کریں جو طلاق کنایہ کے لیے استعمال ہوتے ہیں ۔ اگر بیوی شوہر کی اطاعت و فرمانبرداری نہیں کررہی ہے بار بار سمجھایا جارہا ہے کئی مرتبہ نصیحت کرنے پر بھی باز نہیں آرہی ہے جو شوہر کے لیے ناراضگی کا سبب بن رہا ہے تو ایسی حالت میں شوہر کو چاہئے کہ ایک طلاق دیں اور بیوی کے سدھرنے کا انتظار کریں ۔ بیک وقت تین طلاقیں دینا طلاق بدعت ہے لیکن طلاق واقع ہوجاتی ہے ۔ اگر اپنے شوہر کو رجوع کرنا چاہتی ہو تو حلالہ کرنا چاہئے ۔ اللہ تعالیٰ نے شوہر کو بیوی پر حاکم بنایا ہے اور بہت بڑی بزرگی عطا کی ہے ۔ اس لیے ہر عورت پر فرض ہے کہ وہ شوہر کا حکم مانے اور خوشی خوشی شوہر کے حکم کی تابعداری کرے ۔ شوہر کو راضی اور خوش رکھنا بہت بڑی عبادت ہے اور شوہر کو ناراض رکھنا بہت بڑا گناہ ہے ۔ حضور ﷺ نے فرمایا کہ جس عورت کی موت ایسی حالت میں آئے کہ اس کا شوہر اس سے خوش ہے تو وہ جنت میں جائے گی ۔ عورت کو بغیر اپنے شوہر کی اجازت کے گھر کے باہر نہیں جانا چاہئے ۔ نہ اپنے رشتہ داروں کے پاس اور نہ کسی کے گھر ، عورت کو چاہئے کہ وہ اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر کسی غیر محرم کے سامنے نہ آئے ۔۔