عوام کو ’علی ۔بجرنگ بلی ‘کی نئی تعریف سے کوئی دلچسپی نہیں : سچن پائلٹ

نئی دہلی ۔5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے نائب وزیراعلیٰ اور کانگریس کے قائد سچن پائلٹ نے کہاکہ بی جے پی رائے دہندوں کو اپنی طرف اکٹھا کرنے کی دیوانہ وار کوشش میں جذباتی مسائل اُٹھارہی ہے مگر عوام پر ان باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوگا اور 23 مئی کو یو پی اے حکومت ملک میں قائم ہوجائے گی ۔ پائلٹ نے راجستھان کانگریس کے صدر کی حیثیت سے یہاں انتخابی مہم تک بھی چلائی ۔ بی جے پی کا مندر ۔ مسجد بحث ، علیؓ ۔بجرنگ بلی مقابلہ یا پھر قوم پرستی کی نئی توضحیح عوام میں مقبول نہ ہوسکی کیونکہ الیکشن صرف ترقیاتی مسائل اور غیرمکمل وعدوںسے متعلق ہیں۔ انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ 2014ء کا مودی عنصر اب نہیں چلے گا اور عوام پانچ سال سے جاری نااہلیت کو نظرانداز نہیں کریں گے۔ پائلٹ نے بتایا کہ ان کی پارٹی کی ’’ہندی پٹی‘‘ میں کارکردگی بہت عمدہ رہے گی اور اس کے برعکس بی جے پی ان ہندی ریاستوں میں پوری طرح ظاہر ہوچکی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ عوام کے ذریعہ لوگوں کا قتل ، گائے کے نام پر لوگوں کو ماردینا جیسے الفاظ ہماری ڈکشنری میں 5 سال قبل تک نہیں پائے جاتے تھے ۔