عوام کا بھروسہ کانگریس کے ساتھ:گہلوٹ

اجمیر،13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوٹ نے وزیراعظم نریندر مودی پر جملے بازی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ حالات میں عوام کا بھروسہ کانگریس کے ساتھ ہے ۔ اشوک گہلوٹ نے درگاہ شریف اجمیر میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی طرف سے چادر پیش کرنے کے بعدجے پور لوٹتے وقت ہیلی پیڈ پر نامہ نگاروں سے کہا کہ پچھلے پانچ برسوں میں مودی نے صرف جلے بازی کی ہے ،آخر ملک کے عوام جملے بازی کو کب تک برداشت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی 56انچ کے سینے کے ساتھ اپوزیشن کوساتھ لے کر چلتے تو ملک کا نقشہ ہی دوسرا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ نریندرمودی وزیراعظم بننے کے بعد ایسے کام کرتے کہ لوگ اگلے دس برسوں تک یہ بھول جاتے کہ ملک میں کوئی نیا وزیراعظم بھی بن سکتا ہے ۔اس وقت تو ملک میں مودی کی آندھی ہی نہیں بلکہ سونامی تھی لیکن آج حالات بالکل بدل چکے ہیں اور ملک کے عوام کانگریس کے ساتھ ہیں۔