عوام وائی ایس آر پارٹی کو خلیج بنگال میں پھینک دیں گے

این ٹی آر کے مجسموں کو نقصان پہنچانے کی حرکت ناقابل برداشت : پی پلا راؤ
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) وزیر زراعت ریاست آندھراپردیش مسٹر پی پلا راؤ نے اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو ہدف ملامت بنایا اور الزام عائد کیاکہ ریاست کے دیہی علاقوں میں تیزی کے ساتھ جاری ترقیاتی کاموں کو برداشت نہ کرتے ہوئے ریاست کے مختلف مقامات پر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین و کارکن بانی تلگودیشم پارٹی و سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی راما راؤ کے مجسموں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگارہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنوں کے اس طرز عمل کو دیکھتے ہوئے ریاست کے عوام ہرگز خاموش نہیں رہیں گے بلکہ اُنھیں خلیج بنگال میں پھینک دیں گے۔ مسٹر پلا راؤ نے آج وزیر صحت مسٹر کے سرینواس کے ہمراہ ضلع گنٹور کے ناندینڈلہ کے مقام پر 1.16 کروڑ روپیوں کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے پرائمری ہیلت سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر پی پلا راؤ نے کہاکہ قائد اپوزیشن و صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی پرتشدد کارروائیوں کے لئے اُکسا رہے ہیں لیکن عوام سے انھیں کوئی خاص ردعمل نہیں مل رہا ہے۔ وزیر زراعت نے کہاکہ دیانتداری کے ساتھ عوام کے لئے جوابدہ رہتے ہوئے ریاست کی ترقی کے اقدامات کرنے والی تلگودیشم پارٹی پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے اور تنقید کرنے پر ریاستی عوام بہرصورت خاموش نہیں رہیں گے بلکہ انھیں سبق سکھائیں گے۔