عوام حکومت سے مطمئن ، میدک سے ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی

جگا ریڈی کو ٹکٹ دینے والی بی جے پی کو عوامی ناراضگی کا سامنا : ہریش راؤ
حیدرآباد۔/30اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا ہے کہ میدک لوک سبھا حلقہ کے ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کے امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ ہریش راؤ جو پارٹی کی انتخابی مہم کے انچارج ہیں‘ میدک کے مختلف اسمبلی حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔ وہ دیگر جماعتوں کے قائدین سے ربط قائم کرتے ہوئے انہیں ٹی آر ایس میں شمولیت کی بھی ترغیب دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے حلقہ انتخاب گجویل کا دورہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات کے مقابلہ میدک پارلیمانی حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کو زائد ووٹوں کی اکثریت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ عوام کے تابناک مستقبل کیلئے ٹی آر ایس ہی واحد پارٹی ہے جو سنجیدگی سے اقدامات کرسکتی ہے۔ ہریش راؤ نے بی جے پی کی جانب سے مخالف تلنگانہ قائد جگا ریڈی کو ٹکٹ دیئے جانے پر سخت تنقید کی اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ انہوں نے کہا کہ جگا ریڈی کو ٹکٹ کے اعلان کے ساتھ ہی میدک لوک سبھا حلقہ کے رائے دہندوں میں بی جے پی کے حق میں رہی سہی ہمدردی بھی ختم ہوچکی ہے۔ علحدہ تلنگانہ کی تائید کرنے والی بی جے پی نے مخالف تلنگانہ قائد کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا انتخابات میں حصہ لینے کیلئے بی جے پی کو اپنا کارکن بھی دستیاب نہیں ہوا؟۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گجویل میں ٹی آر ایس امیدوار کو بھاری اکثریت عطا کریں۔ انہوں نے کانگریس کی امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق میں ریاستی وزیر کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے سنیتا لکشما ریڈی نے میدک ضلع کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں کی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کے امیدواروں کے سبب ٹی آر ایس کی کامیابی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور تلنگانہ عوام بھاری اکثریت سے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی تلنگانہ تحریک کی کامیابی ہوگی۔