عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے شیوسینا اقتدار میں رہے گی

وہ بلٹ ٹرین کیا کام کی جب مقامی مسافروں کو بنیادی سہولت نہیں : سامنا
ممبئی ۔ /30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں بی جے پی کے زیرقیادت ریاستی حکومت کیساتھ بڑھتے ہوئے اختلافات کے سبب وزارت سے علحدگی کی قیاس آرائیوں کے درمیان شیوسینا نے واضح کردیا ہے کہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لئے وہ بدستور اقتدار میں رہے گی ۔ ان دو زعفرانی حلیفوں کے درمیان رنجشوں سے متاثرہ تعلقات اس وقت تازہ کشیدگی اختیار کرگئے تھے جب شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے حال ہی میں کہا تھا کہ مہاراشٹرا میں دو جماعتوںکی مخلوعہ حکومت میں اپنی برقراری کے بارے میں شیوسینا بہت جلد فیصلہ کرے گی ۔ تاہم شیوسینا کے ترجمان مرہٹی روزنامہ ’سامنا‘ نے آج اپنے اداریہ میں لکھا کہ ’ ان کی پارٹی اتحاد کو ختم نہیں کرے گی جبکہ اسمبلی انتخابات کے لئے دو سال باقی ہیں اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لئے اقتدار میں بدستور شامل رہیں گے ‘‘ ۔ فڈنویس کابینہ میں موجود شیوسینا کے 12 وزراء میں پانچ کابینی درجہ کے ہیں ۔ علاوہ ازیں مرکز کی این ڈی اے وزارت میں بھی ان کا ایک وزیر ہے ۔ الفنسٹون اسٹیشن پر گزشتہ روز کی بھگدڑ میں 22 افراد کو ہلاکت کی اس اداریہ نے مرکزی حکومت اور ریلویز کی مذمت کی ۔ علاوہ ازیں ممبئی ۔ احمد آباد بلٹ ٹرین پراجکٹ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’’اس بلٹ ٹرین سے کیا فائدہ جب آپ مقامی مسافرین کو بنیادی انفراسٹرکچر فراہم نہیں کرسکتے ‘‘ ۔