عنبرپیٹ فلائی اوور کی عنقریب تعمیر کا آغاز

حیدرآباد 29 اپریل (سیاست نیوز) عنبرپیٹ فلائی اوور کی تعمیر کا ماہ مئی کے پہلے ہفتہ میں آغاز متوقع ہے۔ مجلس بلدیہ نے مرکزی وزیر نتن گڈکری کو افتتاح کے لئے مدعو کیا ہے۔ مذکورہ فلائی اوور کی تعمیر کے لئے اُس وقت کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے تعمیر کا تیقن دیا تھا۔ تب سے اب تک چیف منسٹر تبدیل ہوچکے ہیں جس کے بعد چیف منسٹر کے سی آر کے دور میں اس فلائی اوور کی تعمیر ممکن ہوسکی۔ چند اہم بنیادی کام جیسے سروے، خانگی جائیدادوں کا (بعد اجازت) انہدام، اراضی کا حصول و دیگر اُمور وغیرہ تکمیل پاچکے ہیں اور اب تعمیری کام کا عنقریب آغاز ہوگا۔ سال 1997 ء میں جبکہ این چندرابابو نائیڈو متحدہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر تھے، اس کی تخمینی لاگت 5 کروڑ روپئے کی گئی تھی اور اب اس کا تخمینہ 280 کروڑ روپئے تک بڑھ گیا ہے جس کے لئے مرکز نے زمینات کے حصول کی مد سے 70 کروڑ روپئے جاری کیا ہے۔ اس فلائی اوور کی تعمیر سے گول ناکہ تا سری رمنا جنکشن کی ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی پیدا ہوگی اور اُمید کی جارہی ہے کہ اس کی وجہ سے ٹریفک میں موجودہ خلل کو جو ’’رش‘‘ کے اوقات میں ہوتا ہے نجات حاصل ہوگی۔ اس رُوٹ پر ہجوم کی دوسری اہم وجہ ’’ورنگل ہائی وے‘‘ سے مربوط کیا جانا ہے بیرونی اور مقامی ٹریفک میں اس فلائی اوور کی عاجلانہ تکمیل پر آسانی پیدا ہوگی۔