عمراکمل کی ناقابل شکست سنچری ‘پاکستان 248/8

فتح اللہ(بنگلہ دیش) ۔ 27فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے نوجوان بیٹسمین عمر اکمل اپنے کریئر کی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے یہاں افغانستان کے خلاف منعقدہ مقابلہ میںاپنی ٹیم کو بحران کی صورتحال سے باہر نکالتے ہوئے مقررہ 50اوورس میں 248/8تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا ۔ اکمل کی ناقابل شکست سنچری پاکستان کیلئے اس لئے بھی اہمیت کی حامل تھی کیونکہ اننگز کے 30ویں اوورس میں جس وقت شاہد آفریدی 6رنز بناکر آؤٹ ہوئے اس موقع پر پاکستانی ٹیم کا مجموعی اسکور صرف 117رنز تھا اور اسکے 6کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے ۔اکمل نے اپنی ایک شاندار سنچری کے دوران 89گیندوں کا سامناکرنے کے علاوہ 7چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 102رنز اسکور کئے

جس میں اننگز کے آخری اوور میں چھکالگاکر سنچری کی تکمیل بھی شامل ہے۔ اکمل نے 7ویں وکٹ کیلئے انور علی (21) کے ہمراہ 60‘ 8ویں وکٹ کیلئے عمر گُل (15) اور 9ویں وکٹ کیلئے سعید اجمل (1*) کے ہمراہ ناقابل تسخیر 31رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو آخری 20اوورس میں تقریباً 131رنز کا اضافہ کرنے میں اپنا اہم رول ادا کیا ۔ دیگر بیٹسمینوں میں احمدشہزاد نے 74گیندوںمیں 7چوکوں کی مدد سے 50رنز بنائے جب کہ شرجیل خان (25) ‘ محمد حفیظ (10) ‘ صہیب مقصود (13)اور مصباح الحق (0) کا جلد آؤٹ ہونا پاکستان کیلئے نقصان کاباعث بنا۔افغانستان کیلئے دولت ‘ اشرف اور سمیع اللہ نے بالترتیب 73 ‘ 29 اور 34رنزکے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔