عمران طاہر کی سوپر اوور میں شاندار بولنگ،افریقہ کامیاب

کیپ ٹاون۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی نژاد جنوبی افریقہ کے اسپنر عمران طاہر نے اپنی شاندار بولنگ کے ذریعے جنوبی افریقہ کو ڈرامائی انداز کے سوپر اوور میں سری لنکا کے خلاف9 رنز سے فتح کے ساتھ 3 میچوں کی ٹوئنٹی20 سیریز میں بھی 0-1 کی برتری دلا دی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میںسری لنکا نے7وکٹوں کے نقصان پر134رنز بنائے تھے۔ جوابی بیٹنگ میں جنوبی افریقہ بھی 134رنز ہی بناسکا جبکہ اس کی 8 وکٹیں گریں۔میچ برابر ہوجانے کی وجہ سے سوپر اوورکے ذریعہ اسے فیصلہ کن بنایا گیا۔ سوپر اوور میں سری لنکن کپتان اور فاسٹ بولر لیستھ ملنگا نے14رنز دے دیئے۔انہیں میزبان بیٹسمین ڈیوڈ ملر نے ایک چھکا اور ایک چوکا بھی لگایا، سری لنکا کو15رنز کا ہدف ملا۔ جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کسی فاسٹ بولر کے بجائے اسپنرعمران طاہر پر اعتماد کیا اور عمران طاہر اس اعتماد پر پورا اترے۔ سری لنکن بیٹسمین تمام ترکوششوں کے باوجود ان کے اوور میں صرف5 رنز بنا سکے جن میں2 رنز وائڈ بال کے بھی تھے جبکہ ان کے اوورکی دوسری اور چوتھی گیند پروکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیل اسٹین نے اویشکا فرنانڈو کے کیچ بھی چھوڑے تاہم اس کے باوجود سری لنکائی بیٹسمین ہدف کے قریب بھی نہیں پہنچ سکے۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔سری لنکا 7رنز پر 2کھلاڑی آوٹ ہوجانے کے باعث کھل کر نہ کھیل سکا۔نوجوان مڈل آرڈر کمینڈومینڈس نے 41 رنز بنائے۔ فرنانڈو16،تھیسارا پریرا19،انجیلوپریرا16اور ڈی سلوا 14رنز بنا سکے۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوورزمیں7 وکٹوں پر 134رنز بنائے۔اینڈلے فلیکوا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میںجنوبی افریقہ کو بھی کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ ڈیوڈ ملر 23گیندوں پر 5 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 41 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے ، ڈیوڈ ملر کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیاگیا۔کپتان فاف ڈوپلیسی نے21 اوروینڈرڈیوسن نے 34رنز کی اننگزکھیلی۔آخری اوورمیں جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کیلئے 5 رنز درکار تھے مگر سری لنکا کے بولر اوڈانا تلکا رتنے نے خوبصورت اوورکرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو جیت کا ہدف حاصل کرنے نہیں دیا۔جس کے باعث میچ سوپر اوور میں چلا گیا۔