عمران خان کے وزیراعظم بننے کے مواقع صرف 0.2 فیصد : بلاول بھٹو

لاہور ۔ 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے حال اور مستقبل کیلئے سب سے بڑا خطرہ انتہاء پسندی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے معاون صدرنشین بلاول بھٹو نے یہ بات کہی اور عوام سے خواہش کی کہ وہ انتہاء پسندی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے آگے آئیں کیونکہ اگر پاکستان کو خوشحال اور امن کا گہوارہ بنانا ہے تو سب کو مل کر انتہاء پسندی کے خلاف لڑنا ہوگا۔ اگر ہم سب مل جائیں تو انتہاء پسندی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں سیاسی ریالیوں کے دوران پاکستان میں تشدد کے کئی واقعات رونما ہوئے جن میں دو سیاسی قائدین کے بشمول 150 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ بلاول بھٹو نے صوبہ پنجاب کے چنیوٹ ڈسٹرکٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب کے ملک کے وزیراعظم بننے کے مواقع صرف 0.2 فیصد ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی پی ٹی آئی اور پی ایم ایل (این) کو نام نہاد سیاسی پارٹیاں قرار دیتے ہوئے ان پر پاکستانی سیاست کو یرغمال بنالینے کا الزام عائد کیا۔