عمران خان کی کابینہ میں توسیع،6نئے وزراء شامل

پاکستانی پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جمعرات کو ہو گا، حزب اختلاف سے تعاون طلب

اسلام آباد ۔11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے منگل کے روز کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے تین وفاقی اور تین وزرائے مملکت کو اس میں شامل کیاہے ۔پاکستان کے انگریزی روزنامہ دی ایکسپریس ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق پریزیڈنٹ ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں صدر عارف علوی نے نئے وزراکو حلف دلایا۔ عمرایوب ،علی محمد خان مہر اور سید علی حیدر زیدی نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے جبکہ محمد شبیر علی ،مراد سعید اور محمد حماد اظہر نے وزیر مملکت کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس تقریب میں وزیر اعظم ،وفاقی کابینہ کے ارکان ،سینئر سرکاری افسران کے ساتھ ساتھ دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ۔مسٹر عمر ایوب شوکت عزیز کی کابینہ میں وزیرمملکت برائے امورخزانہ رہ چکے ہیں ۔فروری 2018میں انھوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔مسٹر علی زیدی بھی ،جنھوں نے 1999میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیارکی تھی ،پارٹی کے کئی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں ،جن میں پی ٹی آئی کے کراچی خطہ کے صدر کا عہدہ بھی شامل ہے ۔مسٹر مراد سعید پی ٹی آئی کے انتہائی مضبوط کارکن ہیں۔پاکستان سرکار نے صدر کے خطاب کے لئے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے اور کارروائی کو آسانی سے چلانے کے لئے حزب ِاختلاف جماعتوں سے تعاون مانگا ہے ۔ سرکار نے اس کے ساتھ ہی جمعہ کے روز سے نئی نیشنل پارلیمنٹ کا باقاعدگی سے پہلا اجلاس طلب کیا ہے ، جس میں وزیر خزانہ اسد عمر 10 ماہ کے لئے نیا بجٹ پیش کریں گے ۔اس سے پہلے نیشنل پارلیمنٹ کے سپیکر اسد قیصر نے پیر کے روز یہاں مختلف جماعتوں کے پارلیمنٹ ممبران کی میٹنگ بلائی تھی۔ میٹنگ میں ممبران کو سرکار کے ایجنڈا کے بارے میں معلومات دی گئی اور اس سلسلے میں ان سے تعاون مانگا ۔ حزب اختلاف کے ممبران نے 25 جولائی کو ہوئے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے سرکار کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اس کاروائی کو آسانی سے چلانا چاہتی ہے تو اسے مشترکہ اجلاس منعقد کرنے سے پہلے ایک کمیٹی تشکیل دینی چاہئے۔