عمران خان کی پہلی بیوی کی دوسری بیوی کیخلاف مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی

اسلام آباد ۔ 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کی سابق بیوی جمیمہ گولڈ اسمتھ نے پاکستانی صحافی ریحام خان کو دھمکی دی ہیکہ اگر ان کی (ریحام خان) کتاب برطانیہ میں شائع ہوئی تو وہ ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گی۔ یاد رہیکہ 2015ء میں ریحام خان اور عمران خان کی شادی صرف 10 ماہ تک ہی چل سکی تھی۔ انہوں نے ایک کتاب تصنیف کی ہے جس میں انہوں نے بطور ماں، بیوی، صحافی اور جنگجو کی حیثیت سے اپنے تجربات کا احاطہ کیا ہے۔ جمیمہ نے کل کہا کہ یوں تو ان سے وعدہ کیا گیا ہیکہ ریحام کی کتاب کچھ اس قدر شخصی نوعیت کی ہے کہ اس کا برطانیہ میں شائع ہونا مشکل ہے تاہم اس کے باوجود بھی اگر کتاب شائع ہوئی تو وہ (جمیمہ) اپنے بیٹے کی جانب سے ریحام خان کے خلاف کسی کی خانگی زندگی میں جھانکنے کی جرأت کرنے پر اپنے بیٹے کی جانب سے (جو اس وقت 16 سال کا تھا) احتجاج کریں گی تاکہ صیہونیوں کی سازش کا پردہ فاش ہوسکے۔ یاد رہیکہ جس وقت ریحام خان کی کتاب کے مواد کا آن لائن افشاء ہوا تھا اس وقت سے موصوفہ تنازعات کا شکار ہیں جس کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد قائدین نے ٹوئیٹر پر ریحام خان کو ہدف تنقید بنایا تھا اور کہا تھا کہ 25 جولائی میں پاکستان میں منعقد شدنی عام انتخابات سے قبل یہ ریحام خان کا ’’خفیہ ایجنڈہ‘‘ ہے۔ 65 سالہ عمران خان کی پہلی شادی 1995ء میں برطانوی ارب پتی کی بیٹی جمیمہ سے ہوئی تھی جس سے ان کو دو بیٹے قاسم اور سلیمان ہیں جبکہ جاریہ سال جنوری میں عمران خان کی تیسری شادی کی افواہیں بھی گشت کرنے لگی تھیں۔ البتہ 19 فروری کو پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چودھری نے یہ توثیق کی تھی کہ عمران خان نے ایک سادہ سی تقریب میں بشریٰ نامی خاتون سے تیسری شادی کرلی۔