عمران خان کی ٹیکس معافی اسکیم ملتوی

اسلام آباد۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عمران خان کابینہ میں مجوزہ ٹیکس معافی اسکیم پر اختلافات کے سبب اسے ملتوی کردیا گیا ہے ۔کئی وزراء نے ٹیکس معافی اسکیم سے عدم اتفاق کیا تھا ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکام کے سامنے یہ سیاسی اور آئینی مسئلہ پیدا کرسکتا ہے ۔ اس وجہ سے کابینہ کی منگل کو ہوئی میٹنگ میں مجوزہ اسکیم پر اتفاق نہیں ہوسکا اور اسے ملتوی کردیا گیا۔میٹنگ میں کچھ وزراء نے عمران خان سے کہا کہ یہ مجوزہ اسکیم سیاسی لحاظ سے مناسب نہیں ہے اور اسے عدالتوں میں بھی چیلنج کیا جاسکتا ہے ۔دی ایکسپریس ٹریبون کے مطابق سب سے زیادہ اعتراض وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ عام معافی کا خاکہ آئین کی دفعہ 35 کے خلاف ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اسکیم کا خاکہ قانون و انصاف کی وزات نے ہی تیار کیا تھا۔وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ حکومت نے یہ اسکیم مالداروں کو دھیان میں رکھ کر تیا رکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم پاکستان تحریک انصاف کے بنیادی نظریات کے خلاف ہے جس میں چوروں اور ڈاکوؤں پر شکنجہ کسنے کی بات کہی گئی ہے ۔