عمران خان کی انتھک محنت رنگ لائی سابق بیوی جمیمہ خان کی مبارکباد

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عمران خاان کی سابق برطانوی نژاد بیوی جمیمہ نے آج انہیں پاکستان کا متوقع وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی حالانکہ اب تک عام انتخابات کے مکمل نتائج کا سرکاری طور پر اعلان نہیں ہوا ہے۔ 65 سالہ کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف پارٹی 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے جبکہ حریف جماعتوں نے پارٹی پر انتحابی دھاندلیوں کا الزام عائد کیا ہے۔ 272 نشستوں کے اعلان میں پی ٹی آئی کو 120 نشستوں پر سبقت حاصل ہے جبکہ پی ٹی آئی کی کلیدی حریف جماعت پی ایم ایل (این) کو صرف 65 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ جمیمہ خان ابتداء سے ہی عمران خان کی سیاسی کامیابی کیلئے دعاگو رہی ہیں اور کیوں نہ ہوں، وہ ان کی بیوی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا 1997ء میں جس وقت عمران خان نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا اس وقت ہمارا بیٹا سلیمان صرف3 ماہ کا تھا۔ عمران سیاست کے میدان میں نووارد تھے لیکن آج 22 سال بعد عمران خان کی انتھک کوششیں اور سیاست کے میدان میں تجربہ نے انہیں کامیابی عطا کی جس کیلئے انہیں تہہ دل سے مبارکباد۔ عمران خان کی انتخابی سرگرمیوں میں ان کے بیٹے سلیمان اور قاسم نے بھی خاصی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ جمیمہ خان نے کہا اب یہ بات سمجھ میں آ گئی کہ انہوں نے (عمران) سیاست میں داخلہ کیوں لیا تھا۔ یاد رہیکہ عمران خان نے جمیمہ سے 1995ء میں شادی کی تھی لیکن 2005ء میں دونوں میں علحدگی ہوگئی تھی اور جمیمہ لاہور سے لندن واپس چلی گئی تھیں۔