عمران خان کی افتخار چودھری سے درگزر کی استدعا

اسلام آباد ، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے ہتک عزت کے دعوے کا جواب بھجوا دیا ہے جس میں ان سے درگزر کی استدعا کی گئی ہے اور قانون و آئین کی حکمرانی کیلئے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افتخار چودھری عوام کے غیر سیاسی لیڈر ہیں۔ عمران خان کے وکلاء حامد خان اور احمد اویس کی طرف سے 6 صفحات پر مشتمل جواب میں اطلاعات کے مطابق کہا گیا ہے کہ چونکہ سابق چیف جسٹس نے ذاتی طور پر یہ نوٹس دیا تھا، اس لئے مجبوراً انہیں ذاتی طور پر براہ راست مخاطب کیا جا رہا ہے۔ جواب میں کہا گیا کہ ’’آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے جسٹس افتخار کی خدمات کا ہمیں اعتراف ہے۔ پوری قوم آپ کی جرات اور آمر کے خلاف ڈٹ جانے کی معترف ہے۔ آپ کا ماورائے آئین اقدام کے خلاف 31 جولائی کو دیا گیا فیصلہ قابل تحسین ہے۔ آپ کے صبر و تحمل اور بردباری کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ آپ عوام کے غیر سیاسی لیڈر ہیں‘‘۔