عمران خان کیخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد،12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کے ایک معاملے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدرنشین عمران خان کے خلاف آج ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کو 26 اکٹوبر کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی عرضداشت دائر کی تھی، انہوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے ، جس کی سماعت جاری ہے ۔اس دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ بابر اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف فیصلے تعصب کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔

نااہل شخص کے سیاسی جماعت کاسربراہ بننے کیخلاف قرارداد منظور
اسلام آباد،12اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سینٹ میں حکومت کی مخالفت کے باوجود نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے کیخلاف قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق قرارداد کے حق میں 52اور مخالفت میں 28ووٹ پڑے ۔ حزب اختلاف کے لیڈراعتزاز احسن نے قراداد پیش کی۔ قرارداد کے تعلق سے مسٹر احسن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک شخص کو نااہل قرار دیا ہے اور یہ ایوان اس معاملے کو حل کرے کہ اس طرح کا کوئی شخص کسی سیاسی جماعت کا سربراہ بننے کا اہل نہیں ہو سکتا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ اس ایوان کو مسئلہ حل کرنا چاہئے کہ ایسا کوئی بھی شخص جو نااہل قرار دیا گیا ہو اور کسی پر دہشت گردی کی دفعات ہوں ایسے شخص کو پارلیمنٹ میں داخلہ کی بھی اجازت نہیں ہونی چاہئے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص جسے عدالت نے نااہل قرار دیا ہو اگر اسے کسی سیاسی پارٹی کا سربراہ بننے کی چھوٹ دیدی جائے تو وہ بطور سربراہ اپنے فیصلوں کے ذریعہ ایوان کی کارروائی کو متاثر کر سکتا ہے ۔