عمران خان کو کرکٹ سے کمائی گئی رقم کی تفصیل جمع کرنے سپریم کورٹ کا حکم

اسلام آباد ۔ 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کرکٹ سے کمائی گئی رقم کی تفصیلات اور غیر ملکی دوروں کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ سے حاصل کی گئی آمدنی کے بارے میں رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ عمران خان نے 1973 سے لے کر 1983 تک پیسہ کمایا بھی یا نہیں اور اگر پیسہ کمایا ہے تو اس کی تفصیلات بھی دینی ہوں گی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عمران خان کی نا اہلی اور پاکستان تحریک انصاف کو ممنوعہ ذرائع سے ملنے والی غیر ملکی امداد سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔یہ درخواستیں حکمراں جماعت کے رہنما حنیف عباسی کی طرف سے دائر کی گئی تھیں۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عمران خان نے لندن میں فلیٹ کی خریداری کے لیے رقم کس طرح ادا کی اس کی تفصیلات بھی بتائیں۔عمران خان کے وکیل کی غیر حاضری پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اگلی سماعت پر اْن کی طرف سے وکیل پیش نہ ہوئے تو پھر عمران خان کو طلب کرنا پڑے گا جو عدالت میں آکر اپنی اور اپنی جماعت کے بارے میں سپریم کورٹ کو آگاہ کریں گے۔سابق اٹارنی جنرل انور منصور ان درخواستوں میں عمران خان کی نمائندگی کر رہے ہیں اور عدالت کو اس بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

 

پانامالیکس : شریف خاندان نے جے ای ٹی رپورٹ مسترد کردی
اسلام آباد، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت نے پناماگیٹ معاملے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے اي ٹی) کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کی بات کہی ہے ۔جے اي ٹي نے عدالت کے سامنے پیش کردہ اپنی رپورٹ میں شریف اور ان کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے ساتھ ہی بیٹی مریم نواز کے خلاف آرڈیننس 1999 کے تحت بدعنوانی کا معاملہ درج کرنے کی سفارش کی ہے ۔نواز شریف کی بیٹی مریم نے ایک ٹویٹ میں جے اي ٹي کی سفارشات کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ جے اي ٹي رپورٹ ناقابل قبول ہے۔سپریم کورٹ نے اسی سال مئی میں پانامہ معاملے میں حقیقت کا پتہ لگانے کے لئے جے اي ٹي تشکیل دی تھی۔ سپریم کورٹ کی تین رکنی بنچ تفتیشی ٹیم کے نتائج پر پیر کو سماعت کرے گی۔ بینچ میں جسٹس عظمت سعید، جسٹس اعزاز الحسن اور جسٹس اعجاز افضل شامل ہیں۔