عمران خان کو بنی گالا رہائش گاہ ریگولرائز کرنے سپریم کورٹ کی ہدایت

اسلام آباد ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے حکام سے خواہش کی ہیکہ سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان کی وسیع و عریض رہائش گاہ بنی گالا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ موصوف غیرقانونی تعمیرات کے ایک معاملہ کی سماعت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (CDA) کو سب سے پہلے عمران خان کے بنی گالا رہائش گاہ کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جبکہ کچھ روز قبل ہی انہوں نے کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان کو اپنی جائیداد کو باقاعدہ بنانے کیلئے جرمانہ ادا کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یاد رہیکہ عمران خان نے غیرقانونی قبضوں کے خلاف عدالت کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ بنی گالا میں غیرقانونی اور غیرمنصوبہ بند تعمیری سرگرمیوں پر عمران سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں انہوں نے درختوں کی اندھادھند کٹوائی اور گندے پانی کی وجہ سے راول جھیل کے آلودہ ہونے کی جانب بھی سپریم کورٹ کو توجہ دہانی کروائی تھی۔ ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے دوران سپریم کورٹ کی فل بنچ نے جسٹس ثاقب نثار کی قیادت میں یہ کہا کہ سب سے پہلے عمران خان کو بنی گالا میں اپنی رہائش گاہ کو باقاعدہ (ریگولرائز) کرتے ہوئے دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کرنی چاہئے۔