عمران خان پر بھی جوتا پھینکنے کا واقعہ

اسلام آباد۔ 14 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں صوبہ پنجاب کے گجرات شہر میں ایک ریلی کے دوران سابق کرکٹ کپتان اور پاکستان تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے سرپرست عمران خان پر بھی جوتا پھینکے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔گجرات میں تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم کے دوران عمران خان جلسہ سے خطاب کررہے تھے کہ اس دوران ایک شخص نے اسٹیج پر جوتا اچھال دیا لیکن خوش قسمتی سے وہ صدرنشین پی ٹی آئی کو نہ لگا بلکہ ان کے ساتھ کھڑے علیم خان کو جا لگا، واقعہ کے فوراً بعد عمران خان خطاب چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے ۔واضح رہے سیاست دانوں پر جوتا اچھالنے کے واقعات میں دن بدن تیزی آتی جارہی ہے اور اب تک اس کی زد میں متعدد رہنما آچکے ہیں۔ چند ہفتے قبل ایک تقریب کے دوران وزیرداخلہ احسن اقبال پر بھی جوتا اچھالا گیا جب کہ چند روز قبل وزیرخارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکی گئی جس کے بعد مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نوازشریف پر بھی جوتا اچھالا گیا جو ان کے سینے پر لگا تھا۔