عمان سے ہندوستانی تارک وطن کی نعش وطن واپسی کی منتظر

دوبئی ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی شہری کو مبینہ طور پر ایک ہفتہ قبل عمان میں خودکشی کرچکا ہے، اُس کی نعش ہنوز اپنے آبائی قصبہ روانہ کئے جانے کی منتظر ہے کیونکہ کاغذی کارروائی کی ہنوز تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ ایک خبر کے بموجب 52 سالہ اشوکن مبینہ طور پر 25 ڈسمبر کو اپنی قیامگاہ کے قریب ایک اسٹور روم میں پھانسی سے لٹکا ہوا پایا گیا تھا۔ اِس کے دوستوں نے روزنامہ ٹائمز آف عمان سے کہاکہ اب اُس کی نعش ہندوستان روانہ کرنے کے لئے ضروری کاغذات موجود نہیں ہیں۔ وہ یہ کاغذات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن دن بدن پیچیدگیاں پیدا ہورہی ہیں۔ کیرالا کا متوطن اشوکن القویر کے علاقہ میں ایک اسٹور کا منتظم تھا۔ اُس کے ورثاء میں بیوی اور دو بچے شامل ہیں۔ مبینہ طور پر وہ ایک اچھا شخص تھا اور اُس کی خودکشی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی۔ اُس کے کمرے میں مقیم اُس کے ساتھی نے اُسے پھانسی سے لٹکا ہوا دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی تھی اور اُس کی نعش بعدازاں پولیس نے حاصل کرلی تھی۔