عمادنے رشید سے دوسرامقام چھین لیا راشد بدستور پہلے مقام پر

دبئی ۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی 20 میچ میں پاکستان کو شکست ہوئی ہے لیکن اس کے بائیں ہاتھ کے اسپنر عماد وسیم نے آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں ترقی کے بعد دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔
بولروں کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان بدستور پہلے مقام پر فائز ہے جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا آل راونڈرز میں پہلے مقام پر پر قبضہ برقرار ہے۔ عماد وسیم نے ہم وطن لیگ اسپنر شاداب خان اور انگلینڈ کے عادل رشید کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے مقام پر قبضہ جمالیا۔ بیماری کی وجہ شاداب خان نے میچ میں شرکت نہیں کی تھی جبکہ عادل رشید وکٹ لینے میں ناکام رہے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی اپنی رینکنگ بہتر بنائی ہے، وہ اب تین درجے بہتری کے بعد 50 سے 47 ویں مقام پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف 65 رنز کی اننگز کھیل کر بابر اعظم نے اپنا پہلا مقام مزید مستحکم بنالیا ہے۔ بابراعظم 11 نشانات حاصل کرکے مجموعی طور پر 896 نشانات اسکور کرلئے ہیں جو اْن کے کیریئر کے بہترین ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ انگلینڈ کے جیو روٹ دو درجے بہتری کے بعد 19 ویں نمبر پر ہیں جبکہ کپتان ایان مورگن اپنا مقام تین درجے بہتر بناکر 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیموں میں پاکستان بدستور پہلے، انگلینڈ نے جنوبی افریقہ سے دوسرا مقام چھین کر تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے جبکہ آسٹریلیا چوتھے اور ہندوستان پانچویں نمبر پر ہے۔