علیم ڈار کی ونڈے کرکٹ میں امپائرنگ کی ڈبل سنچری

ڈبلن ۔8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) علیم ڈار نے آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں جاری سہ رخی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے درمیان میں اپنے ونڈے کریئر میں امپائرنگ کے 200 میچ مکمل کرلیے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سمیت مختلف شخصیات نے انہیں مبارک دی۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی علیم ڈار کو 200 ویں میچ میں امپائرنگ پر مبارک باد پیش کرتا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اور تمام مداحوں کی جانب سے میں علیم ڈارکو 200 میچ مکمل کرنے کے شان دار اعزاز پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں، یہ اعزاز علیم خان کی صلاحیت، فیصلے اور عزم کا اظہار ہے۔ علیم ڈار نے 1997 میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے بڑی تیزی سے 200 بین الاقوامی مقابلوں کی امپائرنگ کی اور آج وہ دنیا کے سب سے قابل احترام اور مقبول ترین امپائر وں میں سے ایک ہیں۔ خیال رہے کہ علیم ڈار نے 200 ونڈے میچوں کے علاوہ 125 ٹسٹ میچوں میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے سابق امپائر اسٹیو بکنر کے ریکارڈ 128 میچوں سے محض 3 میچ کے فرق سے پیچھے ہیں جبکہ 43 ٹوئنٹی20 میچوں میں امپائرنگ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ روڈی کرٹزن کے پاس ہے جنہوں نے 1992 سے 2010 کے دوران 209 میچوں میں امپائرنگ کی۔ علیم ڈار نے نیوزی لینڈ کے بلی باوڈن کے 200 میچوں میں امپائرنگ کے ریکارڈ کو برابر کردیا ہے ۔