علیحدہ تلنگانہ جدوجہد دُنیا کی عظیم انقلابی تحریک

ٹی آر سی کا مذاکرہ ، ملے پلی لکشمیا کا خطاب

حیدرآباد۔30مارچ(سیاست نیوز)علیحدہ تلنگانہ جدوجہد کو دنیا کی سب سے عظیم انقلابی تحریک قراردیتے ہوئے چیرمین تلنگانہ ویدیا وانتولا ویدیکا وکوچیرمین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی مسٹر ملے پلی لکشمیا نے کہاکہ 56جدوجہد میںتلنگانہ حامیوں نے اپنی قیمتی زندگیوں کی قربانی کے ذریعہ تلنگانہ تحریک کو پروان چڑھایا جو ناقابل فراموش اقدام ہے۔ تلنگانہ ریسور س سنٹر کے115ویں ہفتہ واری مذاکرے بعنوان’’آندھرا پردیش کی تشکیل جدید کے عمل پر ایک ملاقات ملے پلی لکشمیا کے ساتھ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بے شمار نشیب وفراز کے بعد تلنگانہ ریاست کی تشکیل2جون کو یقینی صورتحال اختیار کرلے گی ۔ انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران پیشآئے واقعات اور علیحدہ تلنگانہ تحریک میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے قدرتی وسائل سے لوٹ کھسوٹ کے ذریعہ محصول کالے دھن کا استعمال تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں رکاوٹوں کے لئے کیاگیا باوجود اس کے علیحدہ تلنگانہ حامی جہدکاروں کو ہی کامیابی ملی۔ مسٹر ملے پلی لکشمیا نے مزید کہاکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاستِ تلنگانہ میں برسراقتدارآنے والی پہلی سیاسی جماعت سب سے پہلے شہدائے تلنگانہ کیساتھ انصاف کرے اس کے بعد متحدہ ریاست آندھرا پردیش قائم ہونے کے بعد جن طبقات کے ساتھ ناانصافیاں کی گئی انہیں ریاست کی ترقی میںیکساں مواقع فراہم کرنے کاکام کرے ۔ مسٹر لکشمیانے کہاکہ سنہری اور سوشیل تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے لئے پسماندگی کاشکار تمام طبقات کیساتھ انصاف ہی تمام مسائل کا واحد حل ثابت ہوگا۔