علحدہ واقعات میں 5 خواتین کی خودکشی

حیدرآباد /30 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے مختلف واقعات میں 5 خواتین نے خودکشی کرلی ۔ حبیب نگر سنتوش نگر پرگی اور الوال پولیس حدود میں یہ واقعات پیش آئے ۔ حبیب نگر پولیس کے مطابق 24 سالہ اناپورنا جو نیو ملے پلی افضل ساگر علاقہ کے ساکن گیانیشور کی بیٹی تھی اس نے کل رات نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ اناپورنا اپنی پوسٹ گریجویشن کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت کی تلاش میں تھی ۔ تاہم اس خاتون کو موزوں ملازمت نہیں مل رہی تھی جس سے یہ خاتون ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئی تھی ۔ جس نے کل رات انتہائی اقدام کرتے ہوئے زہریلی دوا کا استعمال کرلیا جو رات دیر گئے ایک ہاسپٹل میں فوت ہوگئی۔ سنتوش نگر پولیس کے مطابق 50 سالہ لکشمی جو سنتوش نگر علاقہ کے ساکن ناگا بھوشنم کی بیوی تھی اس نے کل رات اپنے مکان میں پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہیکہ خاتون مالی پریشانیوں اور خرابی صحت سے پریشان تھی تاہم پولیس نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پرگی پولیس کے مطابق 20 سالہ لکشمی جو پرگی علاقہ کے ساکن اننتایا کی بیوی تھی ۔ اننتایا پیشہ سے کسان تھا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون درد شکم سے دلبرداشتہ ہوگئی تھی اور اس نے کل اپنے جسم پر کیروسن ڈالکر آگ لگالی اور آج علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ الوال پولیس کے مطابق 34 سالہ وانی جو جے جے نگر علاقہ کے ساکن موہن بابو کی بیوی تھی ۔ پیشہ سے خانگی ملازمہ بتائی گئی ہے ۔ گھریلو جھگڑوں اور خاندانی مسائل سے تنگ آکر اس خاتون نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں 50 سالہ ستااماں جو الوال علاقہ کے ساکن رکیا کی بیوی تھی ۔ خرابی صحت سے تنگ آکر اس خاتون نے کل رات پھانسی لے لی پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔