علحدہ ریاست تلنگانہ پر حصول تائید کے لیے قومی سیاسی قائدین سے مشاورت

علحدہ ریاست تلنگانہ پر حصول تائید کے لیے قومی سیاسی قائدین سے مشاورت
وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا کی چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے ملاقات ، علحدہ ریاست پر تائید کرنے کی خواہش
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر بہار نتیش کمار سے ملاقات کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل کی تائید کرنے کی اپیل کی ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی جن قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تائید کرنے کی اپیل کررہے ہیں ۔

مسٹر وی ہنمنت راؤ بھی ان قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کی تائید کرنے کی اپیل کررہے ہیں ۔ انہوں نے آج پٹنہ ( بہار ) پہونچ کر نتیش کمار سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ تلنگانہ علحدہ ریاست تشکیل نہیں دی جارہی ہے بلکہ 1956 میں لسانی بنیاد پر تلنگانہ میں ضم کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل تلنگانہ اور سیما آندھرا دو علحدہ علحدہ ریاستیں تھیں تلنگانہ کو سیما آندھرا میں ضم کرنے سے قبل تلنگانہ کی ترقی اور انصاف کرنے کے لیے جتنے بھی معاہدے کئے گئے ان پر عمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک شروع ہوئی ہے حالیہ دنوں میں تقریبا ایک ہزار نوجوان اور طلبہ نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے لیے اپنی زندگیاں قربان کی ہیں ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر جگن موہن ریڈی اور صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے پہلے تلنگانہ کی تائید کی ہے ۔

کافی مشاورت کے بعد کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جیسے ہی کانگریس نے تلنگانہ کی تائید کی سیاسی مفادات کی خاطر اپنے فیصلے سے منحرف ہوتے ہوئے تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی متحدہ آندھرا کی تائید کررہے ہیں ۔ پارلیمنٹ میں تلنگانہ کا بل پیش ہونے پر اس کی تائید کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ نتیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ کا مطالبہ کافی قدیم ہے وہ ان کی اپیل پر ہمدردانہ غور کریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نتیش کمار اور ان کی جماعت پارلیمنٹ میں علحدہ تلنگانہ بل کی مکمل تائید کرے گی ۔۔