علاقائی زبانوں پر عبور رکھنے والوں کو ملازمتوں کے زرین مواقع

۔4 اگست کو اردو، عربی اور دیگر زبانوں کے امیدواروں کے انٹرویوز، ایس ایم لطیف سے بات چیت

محمد مبشرالدین خرم
حیدرآباد۔یکم۔اگست(سیاست نیوز) زبان پرعبور صلاحیت میں اضافہ کے علاوہ حصول ملازمت و ترقی کی کلید ثابت ہوتا ہے ۔نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی علاقائی ‘ قومی اور عالمی زبان پر عبور حاصل کریں ۔ تعلیم کے ساتھ مہارت ‘ محنت اور دلچسپی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوتے ہیں اسی لئے زندگی میں ڈسپلن اور دیانتداری کے ساتھ کام کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ وائس پریسیڈینٹ GENPACT مسٹر ایس ایم لطیف نے خصوصی ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ جن نوجوانوں کو کم از کم تین زبانوں پر عبور حاصل ہو وہ بیروزگار نہیں رہ سکتے بلکہ انہیں ان کی صلاحیت کے مطابق کہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی ملازمت مل ہی جاتی ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے میدان میں علاقائی زبانوں کی سرائیت کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کسی بھی کال سنٹر یا بی پی او سے رابطہ کرنے والوں کی جانب سے اپنی مقامی علاقائی زبان میں بات کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اسی رجحان کو دیکھتے ہوئے GENPACT تمام ہندوستانی زبانوں کے جاننے والے قابل تعلیمیافتہ نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی ممکن بنا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں موقع درکار ہوتا ہے اور وہ موقع ان کی کمپنی کی جانب سے فراہم کیا جا رہاہے جس سے ہزاروں نوجوان مستفید ہورہے ہیں۔ مسٹر ایس ایم لطیف نے بتایا کہ ہندوستان میں کال سنٹر کلچر 1990 کی دہائی میں آیا لیکن اس سے کافی پہلے سے دنیا کے دیگر ممالک میں موجود تھا ہندوستان میں مختصر مدت کے دوران کال سنٹر نے جو ترقی کی ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اب ہندوستان میں 35 کے قریب ہندوستانی زبانوں کے کال سنٹر خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کال سنٹرس میں لاکھوں نوجوان برسر خدمت ہیں۔انہوںنے بتایا کہ کسی بھی پراڈکٹ کو زبان کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ پراڈکٹ کی اپنی انفرادیت ہوتی ہے لیکن پراڈکٹ کی تشہیر کے لئے زبان کے استعمال کی ضرورت ہوتی ہے ۔ مسٹر لطیف نے کہا کہ GENPACT نوجوانوں کی تعلیم‘صلاحیت اور ان کی مہارت کے مطابق انہیں ملازمت فراہم کرتا ہے اور کمپنی کا مقصد قائدانہ صلاحیتوں کی حامل نسل کی تیاری ہے اسی لئے ہر زبان میں عوامی رابطہ کو ممکن بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی مجموعی ترقی پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔جناب ایس ایم لطیف نے ٹکنالوجی کے شعبہ میں تعلیم کی قدر میں گراوٹ کے نظریہ کو مسترد کرتے ہوے کہا کہ تعلیمی قابلیت کسی بھی شعبہ میں غیر اہم نہیں ہوتی بلکہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعلیمی قابلیت کا راست اثر تنخواہ پر پڑتا ہے اور صلاحیت کے ساتھ تعلیم کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی ترقی کے متعلق کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ GENPACT نے کمپنی کے مختلف شعبہ ٔ جات میں ان کی خدمات حاصل کی اور کمپنی کی جانب سے دی گئی ہر ذمہ داری کو انہوں نے چیالنج کے طور پر قبول کیا ۔ مسٹر ایس ایم لطیف نے کہا کہ انہوں نے زندگی میں کبھی والدین کا ساتھ نہیں چھوڑا اور نہ ہی وہ والدین کے بغیر خود کو کچھ سمجھتے ہیں بلکہ وہ جو کچھ ہیں والدین کے سبب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت انہوں نے GENPACTمیں ملازت اختیار کی تھی اس وقت رات کی شفٹ میں کام کرنا محال تصور کیا جاتا تھا لیکن ان کی شفٹ رات کی تھی ۔ GENPACTکی جانب سے نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی کے سلسلہ میں آئے دن خصوصی مہم چلائی جاتی رہتی ہے اور دنیا بھر میں یہ مہم جاری رہتی ہے۔ اسی مہم کے سلسلہ میں 4اگسٹ بروز ہفتہ صبح 9تا3بجے سہ پہر عربی اور اردو زبان میں مہارت رکھنے والے نوجوانوں کی بھرتی کے لئے صنعاء گارڈن نزد چارمینار پر انٹرویوز منعقد کئے جا رہے ہیں اور ان انٹرویوز کے دوران عربی ‘ اردو کے علاوہ دیگر زبانوں میں مہارت رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں کا انتخاب کیا جائے گا۔