علاقائی جماعتوں کو کانگریس ‘ بی جے پی سے زیادہ نشستیں ملیں گی : اکھیلیش

لکھنو 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے آج کہا کہ علاقائی جماعتوں کو لوک سبھا انتخابات میںکانگریس اور بی جے پی سے زیادہ نشستیں حاصل ہونگی ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ان کے خیال میں علاقائی جماعتوں کو کانگریس اور بی جے پی سے زیادہ نشستیں حاصل ہونگی ۔ آئندہ وزیر اعظم علاقائی جماعتوں کا ہوگا ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ بھی وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل ہیں اکھیلیش نے کہا کہ وہ اس دوڑ میں شامل نہیں ہیں لیکن انہیں خوشی ہوگی اگر وزیر اعظم اترپردیش ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی وزیر اعظم بننا چاہے گا وہ اس کی تائید کریں گے ۔ اس سوال پر کہ آیا ایس پی ۔ بی ایس پی اتحاد وارناسی سے اگر پرینکا گاندھی مقابلہ کریں تو ان کی تائید کریگا اکھیلیش نے کہا کہ ایسا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ان کی پارٹی کا اتحاد بی ایس پی اور آر ایل ڈی سے ہے اور بہت جلد وہاں سے اپنے امیدوار کا اعلان کردیا جائیگا ۔ سماجوادی پارٹی یو پی میں بی ایس پی اور آر ایل ڈی سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کر رہی ہے اور اس اتحاد میں کانگریس کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ کانگریس کے خلاف ان کے سخت موقف کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ جس شخص نے ان کے اور ان کے والد کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے وہ کانگریس قائدین کے ساتھ دکھائی دے رہا ہے ۔ میڈیا کو یہ بات نظر میں رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک سی بی آئی کا سوال ہے اس کے استعمال پر بھی کانگریس ۔ بی جے پی میں اتحاد دکھائی دیتا ہے ۔ اکھیلیش نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات میں علاقائی جماعتوں کو کانگریس اور بی جے پی سے زیادہ نشستیں حاصل ہونگی اور وزیر اعظم بھی علاقائی جماعتوں کا ہوگا ۔