علاج کیلئے نواز شریف کی جیل سے رہائی

لاہور۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو چہارشنبہ کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ سپریم کورٹ نے اندرون ملک بیماری کے علاج کیلئے موصوف کی درخواست ضمانت پر غوروخوض کرتے ہوئے چھ ہفتوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ 69 سالہ نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں العزیزیہ اسٹیل ملز بدعنوانی معاملہ میں گزشتہ سال ڈسمبر سے قید ہیں۔ انہیں سات سال کی سزا سنائی گئی تھی۔ پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے سربراہ نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے، حالیہ دنوں میں قلب پر معمولی حملوں کو جھیل چکے ہیں۔ یہ بات ان کی بیٹی مریم نواز نے بتائی۔ انہیں پاکستان میں رہتے ہوئے اپنی پسند کے کسی بھی ہاسپٹل میں علاج کروانے کی آزادی دی گئی ہے، البتہ بیرون ملک جانے پر پابندی ہے۔ جیل سے باہر نکلتے ہی ان کے حامیوں نے انہیں گھیر لیا اور کار پر پھول برسائے۔ بعض پارٹی ورکرس کی عقیدت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ وہ نواز شریف کی کار کے ساتھ ساتھ ان کی رہائش گاہ تک چلتے رہے (البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ حامی بھی کاروں یا موٹر سائیکل پر سوار تھے یا پیدل چل رہے تھے)۔ نواز شریف کو 5 ملین پاکستانی روپوں کے دو شخصی مچلکے داخل کرنے اور علاج کے بعد (چھ ہفتوں) جیل واپس ہونے کی ہدایت کی گئی۔