عصمت ریزی کے ملزم کیخلاف کارروائی کیلئے بھٹی وکرمارکا کا مطالبہ

حیدرآباد 28 فروری (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی (ٹی پی سی سی) کے کارگذار صدر ملوبھٹی وکرمارکا نے کہاکہ وینا ونکا، ضلع کریم نگر میں ایک دلت خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کا گھناؤنا واقعہ نہایت تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے ریاستی حکومت سے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سزا اس انداز کی ہونی چاہئے کہ کوئی دوسرا مستقبل میں اس طرح کے جرم کا ارتکاب کرنے کے بارے میں سوچ نہ سکے۔ آج یہاں اسمبلی میڈیا پوائنٹ پر مخاطب کرتے ہوئے وکرمارکا نے کہاکہ اس بے بس خاتون کے تئیں خاطیوں کا وحشیانہ رویہ شرمناک ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ پولیس کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث یہ واقعہ پیش آیا۔