عصمت ریزی سے متاثرہ خواتین کی باز آباد کاری میں غفلت نہ برتی جائے

حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر کی عہدیداروں کو جائزہ اجلاس میں ہدایت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ضلع کلکٹر حیدرآباد ڈاکٹر یوگیتا رانا نے عہدیداران کو حکم دیا کہ عصمت ریزی سے متاثرہ خواتین کی باز آبادکاری اور حکومت کی جانب سے انہیں فراہم کی جانے والی امداد کی فراہمی میں ہرگز غفلت نہ برتیں ۔ ضلع کلکٹر عہدے کا جائزہ لینے کے بعد سے لگاتار روزانہ مختلف محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کررہی ہیں جس کی وجہ سے عہدیداران میں کپکپی دوڑ رہی ہے ۔ عہدیداران نے عصمت ریزی کی شکار خواتین کی فائلوں کو برفدان کی نظر کر رکھے تھے اچانک کلکٹر کی جانب سے اس مسئلہ پر اجلاس طلب کیا گیا تو عہدیداران ان فائلوں پر پڑی دھول کو صاف کرنے میں لگ گئے اور حیدرآباد میں عصمت ریزی کی شکار 98 خواتین سرکاری امداد کے لیے درخواستیں دینے پر عہدیداران اب تک صرف 42 خواتین کو ہی قسط وار امداد فراہم کی ہے ۔ مظلوم خواتین کے ساتھ عہدیداران کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مظلوم خواتین کو فوری امداد فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور ضلع کلکٹر نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداران کو بھی مشورہ دیا کہ ایسی مظلوم خواتین کی شکایت مقدمات درج کرنے میں تاخیر نہ کی جائے ۔۔