عصری تعلیم کے ساتھ دینی علوم کے حصول کی تلقین

کوڑنگل 28 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوڑنگل کی نمائندہ عربی درسگاہ مدرسہ عربیہ دارالعلوم کے طلباء کا اصلاحی تربیتی پروگرام ’’علمی مظاہرے‘‘ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ صدر المدرسین مولوی حافظ محمد نصیر احمد سراجی نے اس مقصدی پروگرام کی نگرانی کی۔ جبکہ اساتذہ محمد عارف و غلام رحمانی نے انتظامات کی راست نگرانی کی۔ اس موقع پر حافظ محمد نصیر احمد سراجی نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کریں۔ آج کے اِس پُرآشوب دور میں طلباء علم دین کے حصول کے جذبہ سے عاری ہیں۔ اُنھوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ طلباء میں علم دین کے حصول کا جذبہ بھی پیدا کریں اور انھیں قرآن کی تعلیم دلوائیں۔ ورنہ عصری تعلیم ہی مقصد زندگی ہوکر رہ جائے گی جو معاشرے کے بگاڑ کا سبب ہوگا۔ اسلامی تعلیمات سے دوری باعث محرومی ہے۔ کلام اللہ قیامت تک ایک معجزہ ہے۔ اُنھوں نے قرآنی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی تلقین کی اور نماز پنجگانہ کی ادائیگی پر زور دیا جس کے ساتھ ہی طلباء کا علمی مظاہرہ عمل میں آیا۔ محمد عظمت اور محمد عبدالمعز نے قرأت کلام پاک پیش کی جبکہ محمد اقبال الرحمن و محمد عظمت (خورد) نے نعتیں پیش کیں۔ مسرز محمد عبدالرحمن کوڑنگل عنوان ’’حضرت ابراہیمؑ، محمد ابراہیم اول پلی عنوان ’’رحمت اللعالمین‘‘ سید عبدالعلیم یالال عنوان ’’حضرت آدمؑ‘‘ محمد عبدالجبار ایرلہ پلی عنوان ’’سنت و بدعت‘‘ ، محمد مزمل تماریڈی پلی عنوان ’’اُستاد کا ادب‘‘ ، محمد فیاض نیٹور عنوان ’’آداب مسجد‘‘ ، محمد محبوب ایرلہ پلی بعنوان ’’ازکارِ نماز‘‘ ، سید عرفان حیدرآباد عنوان ’’کلمے‘‘ ، محمد محسن گھن پور بعنوان ’’احادیث‘‘ اور محمد فیصل کوڑنگل نے بعنوان ’’اسمائے حسنیٰ‘‘ پر بہترین تقاریر کرتے ہوئے شاندار مظاہرہ کیا۔ سامعین نے اساتذہ کی کاوشوں کی ستائش کی اور انھیں مبارکباد دی۔