عشرت جہاں کیس : فارنسک ماہرین کی انکاؤنٹر واقعات کی ازسر نو جانچ

احمدآباد کے علاقہ کوتارپور کے قریب انکاؤنٹر کے اصل مقام کا دورہ اور معائنہ
احمدآباد 7جولائی (پی ٹی آئی) خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے جو 2004 ء کے عشرت جہاں اور دیگر 3 کے پولیس انکاؤنٹر کی تحقیقات کررہی ہے، فارنسک ماہرین کے ہمراہ آج انکاؤنٹر کے مقام کا دورہ کیا اور وہاں کے حالات کا معائنہ کرتے ہوئے رونما ہونے والے انکاؤنٹر کے منظر کی ازسرنو جانچ کی۔ احمدآباد کے علاقہ پوتارپور کے قریب یہ انکاؤنٹر ہوا تھا۔ جس دن انکاؤنٹر ہوا تھا، اُس وقت کے حالات اور انکاؤنٹر کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے چیرمین ستیہ پال سنگھ نے کہاکہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اور سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی 11 رکنی ٹیم کی مدد سے ایس آئی ٹی نے انکاؤنٹر کے مقام پر پیش آئے واقعات کی ازسرنو جانچ کرتے ہوئے ڈاٹا کو اکٹھا کیا ہے تاکہ تحقیقات کے دوران مدد مل سکے۔ ستیہ پال سنگھ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ ہم نے سنٹرل فارنسک سائنس لیباریٹری کے ڈائرکٹر ڈاکٹر راجندر سنگھ اور ڈپارٹمنٹ آف فارنسک میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر ٹی ڈی ڈوگرا سے ربط پیدا کیا جنھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ یہاں پہونچ کر انکاؤنٹر کے سلسلہ وار واقعات کا ازسرنو جائزہ لیا اور یہاں سے ڈاٹا اکٹھا کیا ہے۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آخر ٹیم اسی سال 17 اپریل کو ایسا ہی عمل کرنے کے بعد دوبارہ اس کی جانچ کی کیا ضرورت پیش آئی، ایس آئی ٹی چیرمین نے کہاکہ فارنسک ماہرین ایس آئی ٹی کی درخواست پر یہاں آئے ہیں کیونکہ قبل ازیں انجام دیئے گئے ازسرنو جانچ کے دوران کام مکمل نہیں ہوسکا تھا۔ ستیہ پال سنگھ جنھوں نے گزشتہ ماہ جائزہ حاصل کیا ہے پہلے ہی اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایس آئی ٹی چیرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دیں گے۔
راڈیا ٹیلی فون بات چیت کی تفصیلات پیش کرنے سی بی آئی کا اعلان
نئی دہلی 7 جولائی (پی ٹی آئی) سی بی آئی نے آج دہلی ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ وہ 12 جولائی تک 2G اسکام کے ملزم سے کارپوریٹ لابی کی شخصیت نیرا راڈیا کی مختلف شخصیتوں سے ہوئی ٹیلی فون بات چیت کے ٹیپ کو پیش کرے گی۔ اسپیشل سی بی آئی جج او پی سیانی کو سی بی آئی استغاثہ اے کے سنگھ نے بتایاکہ ہم 12 جولائی تک نیرا راڈیا کے ٹیپ سربراہ کریں گے۔ ایجنسی نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ وہ اس تاریخ تک چند اضافی دستاویزات بھی ملزمین کو سربراہ کرے گی۔ یہ تبدیلی اس تناظر میں سامنے آئی کہ بعض ملزمین نے عدالت سے کہا تھا کہ سی بی آئی راڈیا کی بات چیت کی تفصیلات انھیں فراہم نہیں کررہی ہے۔ جبکہ راڈیا کو اس کیس میں اصل سرکاری گواہ بنایا گیا ہے۔ انھوں نے سی بی آئی کو دیئے گئے بیانات میں اپنی بات چیت کے کئی حوالے پیش کئے ہیں۔