عشرت جہاں مقدمہ : وزارت قانون کا منظوری کے بارے میں رائے دینے سے انکار

نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ناکافی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت قانون نے سی بی آئی کو قانونی رائے دینے سے انکار کردیا۔ سی بی آئی نے دریافت کیا تھا کہ کیا انٹلی جنس بیورو کے عہدیداروں پر عشرت جہاں انکاؤنٹر مقدمہ چلانے کیلئے اجازت ضروری ہے۔ حکومت کے قانونی شعبہ نے سی بی آئی سے کہہ دیا کہ وہ قانونی رائے طلب کرنے سے پہلے کافی دستاویزات پیش کرے۔ اِس کے بعد ہی اسپیشل ڈائرکٹر (موجودہ ریٹائرڈ) راجندر کمار اور دیگر 3 عہدیداروں پر مقدمہ چلانے کی پیشگی منظوری دی جاسکتی ہے۔ سی بی آئی نے حال ہی میں محکمہ پرسونل و ٹریننگ کے ذریعہ قانونی رائے طلب کرتے ہوئے وزارت قانون سے ربط پیدا کیا تھا۔ سی بی آئی کو وزارت قانون نے دستاویزات طلب کرنے کے بارے میں معلومات فراہم کردی ہیں۔ جبکہ سی بی آئی کا دعویٰ ہے کہ یہ دستاویزات اٹارنی جنرل کو دکھائی جاچکی ہیں لیکن اُن کی حساس نوعیت کے پیش نظر اِن کی نقول فراہم نہیں کی جاسکتیں۔ وزارت قانون نے کہاکہ دستاویزات کے بغیر وزارت قانونی رائے دینے سے قاصر ہے۔