عشرت جہاں فرضی انکاونٹر مقدمہ ، حلف نامہ غلط نہیں : چدمبرم

لاپتہ فائلز کے بارے میں سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کی گواہی
ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی تنقید کا سامنا کرنے والے سابق وزیرداخلہ پی چدمبرم نے آج کہا کہ کسی بھی قسم کی اخلاقی، سیاسی یا اقدار کی غلطی ان کے داخل کردہ حلفنامہ میں موجود نہیں ہے۔ حلفنامہ میں ایسا کوئی بیان شامل نہیں ہے جس سے یہ قطعی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا کہ عشرت جہاں دہشت گرد تھی۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب تین کلیدی عہدیداروں نے جو عشرت جہاں مقدمہ کی لاپتہ فائلس کی تحقیقات کررہے تھے، آج تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس پر گواہی دی۔ اس کمیٹی نے بی کے پرساد ایڈیشنل سکریٹری وزارت داخلہ نے ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں ڈی دیپتی ولاسا اور موجودہ سینئرآئی اے ایس عہدیداروں دھرمندر شرما اور راکیش سنگھ کے بیانات قلمبند کئے۔