عرس شریف حضرات یوسفین ؒ کے انتظامات کا جائزہ

صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی صدارت میں بورڈ عہدیداران و پولیس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج پولیس اور بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں 28 اگسٹ سے شروع ہونے والے عرس حضرات یوسفین ؒ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ کی جائے اور زائرین کیلئے تمام تر سہولتیں فراہم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی راست نگرانی میں درگاہ کے انتظامات ہیں لہذا وقف بورڈ کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی عرس کے انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حسب عمل درآمد قدیم تاریخی مکہ مسجد سے جلوس صندل کا آغاز ہوگا۔ مراسم عرس کی انجام دہی کیلئے علماء و مشائخین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ 30 اگسٹ تک یعنی عرس کے آخری دن تک زائرین کیلئے بہتر سہولتوں کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ وہ چوکسی اختیار کریں تاکہ سابقہ متولیوں کی جانب سے کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت کوئی بھی متولی نہیں ہے اور درگاہ وقف بورڈ کے راست انتظامات کے تحت ہے۔ محمد سلیم نے کل درگاہ یوسفین ؒ پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف معتقدین کی جانب سے زائرین کیلئے مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جس کے لئے وقف بورڈ ان اداروں سے اظہار تشکر کرتا ہے۔ جلوس صندل کے آغاز کے وقت صدرنشین وقف بورڈ موجود رہیں گے۔ اسی دوران انہوں نے دفتر قضأت کی منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 30 اگسٹ تک یہ کام مکمل کرلیا جائے۔ قضأت کی کارکردگی اور سرٹیفکیٹس کی اجرائی کے طریقہ کار کا جائزہ لینے کیلئے امریکی کونسلیٹ کے عہدیداروں کی ٹیم 30 اگسٹ کو حج ہاوز کا دورہ کررہی ہے۔