عرس حضرت سید شاہ صابری حسینی قادری چشتیؒ ، علماء و مشائخین کی شرکت

حیدرآباد۔22اکٹوبر(سیاست نیوز) خانقاہ صابریہ کے زیر اہتمام حضرت سید شاہ صابری حسینی قادری چشتیؒ عرس مبارک منعقد ہوا ۔ سجاد نشین مولانا سید شاہ مظہر حسینی صابری کے بموجب عرس شریف کے موقع پر گیارہ غریب اور نادار لڑکیوں کی اجتماعی شادیوں کے علاوہ مفت طبی اور حجامہ کیمپ کا بھی انعقاد عمل میںلایاگیا۔ انہوں نے کہاکہ خانقاہ صابریہ کی عمارت و کمیونٹی ہال میں چوبیس گھنٹے غریب اور نادار لوگوں کیلئے مفت تقاریب کے لئے بھی فراہم کیاجاتا ہے۔مولانا سید شاہ مظہر حسینی نے مزید بتایاکہ خانقاہ صابریہ کی جانب سے مفت دینی تعلیم کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔ عرس شریف کے موقع پر پیشکشی چادر گل ، فاتحہ خوانی کے علاوہ بارگاہ رسالت مآب ؐ میںسلام کا نذرانہ بعد ازاں قوالی بھی کا اہتمام کیاگیا۔ جناب سید وقار الدین قادری ایڈیٹر رہنمائے دکن ‘مولانا سید شاہ عارف الدین جیلانی صدر عالمی جمعیت المشائخ‘ فرزند مولانا سید شاہ اسرار حسینی رضوی‘ عظمت پیر بغدادی‘ حضرت سعاد ت پیر بغدادی‘ مولانا محمد عثمان نقشبندی امام مکہ مسجد‘مولانا سیدطا ر ق قادری‘ مولانا حامد حسین شطاری‘ جناب نعیم اللہ شریف‘ مولاناسید عبدالقادر قادری‘ مولانا حیدر پاشاہ ‘ کے علاوہ علما ومشائخین اور معتقدین کی کثیرتعداد بھی عرس شریف کے موقع پر موجود تھی۔اس موقع پر سجاد نشین خانقاہ صابریہ کی جانب سے تناول طعام کا بھی اہتمام کیاگیا تھا۔ سید شاہ محمود حسینی صابری نامزد سجادہ خانقاہ صابریہ کی نگرانی میں عرس شریف کے تمام امور کی انجام دہی تکمیل کی گئی۔