عرس حضرات اللہ نما شاہ ؒ کا بصد و احترام انعقاد

حیدرآباد ۔ 26 ۔ اگست : ( پریس نوٹ ) : اللہ تعالی جسے چاہتا ہے دین متین کی خدمت کے لیے چن لیتا ہے چنانچہ صالحین امت کو خالق کردگار نے مامور فرمایا جن سے مخلوق خدا فیضیاب ہوئی اور ہوتی آرہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی نے کل رات عرس شریف حضرات اللہ نما شاہؒ ، و خدا نما شاہؒ احاطہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیفنس لیاب کوارٹر کنچن باغ میں شرکت اور حاضری دینے کے بعد کیا ۔ عرس شریف حضرات اللہ نما شاہ ؒ و خدا نما شاہ ؒ کی تقاریب بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جملہ مراسم عرس بہ سرپرستی الحاج ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سابقہ رکن اسمبلی و قانون ساز کونسل بحسن و خوبی انجام پائے ۔ عرس شریف کی نگرانی و انتظامات میں جناب عرفان مسقطی ، سلطان مسقطی ، علی مسقطی ، منان مسقطی ، عادل مسقطی ، خالد مسقطی کے علاوہ دیگر نے حصہ لیا ۔ عرس شریف میں معززین بشمول جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے علاوہ سابقہ صدر نشین ریاستی وقف بورڈ مولانا الحاج سید شاہ افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ کے علاوہ جناب علی الگتمی ، زبیر بن سلیم العمودی ، محمد عتیق ، محمد شبیر احمد کے علاوہ عقیدت مندوں کی ہزاروں کی تعداد نے شرکت کی جب کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مسقطی فیملی کی جانب سے تقریبا 5,500 سے زائد خواتین میں ملبوسات ، ساڑی اور شلوار قمیص کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور تمام کے لیے خاص تناول طعام و تبرکات وغیرہ بھی تقسیم کئے گئے ۔۔