عراق کے مذہبی رہنما مقتدی الصدر کا دورہ کویت

امیت کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے تفصیلی ملاقات
بغداد ۔ 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں حالیہ پارلیمانی انتخابات میں غیرمتوقع طور پر کامیابی حاصل کرنے والے مذہبی رہنما مقتدی الصدر نے اپنا دو روزہ دورہ کویت مکمل کرلیا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق مقتدی الصدر دو دن تک کویت میں رہے جہاں انہوں نے کویتی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔ مقتدی الصدر کی ویب سائیٹ پر ان کی طرف سے ایک بیان شائع کیا گیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں کویت کی حکومت کی طرف سے باضابطہ دورہ کی دعوت دی گئی تھی۔ اس دورہ میں انہوں نے امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں اور اقوام کے درمیان ماضی کی تلخ یادوں کو فراموش کرتے ہوئے ترقی کے سفر میں مل جل کر آگے بڑھنے پر بات چیت کی گئی۔ مقتدی الصدر کے دفتر کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ان کے دورہ کویت کا بنیادی مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مقتدی الصدر تمام ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں۔ وہ خلیجی عرب ملکوں کے ساتھ بھی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔