عراق کے دو شہروں پر القاعدہ کا قبضہ

رمدی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ سے مربوط دہشت گردوں نے عراق کے نصف شہر فلوجہ اور رمدی کے کئی علاقوں پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ احتجاجی کیمپ کو برخاست کرنے کے بعد جاری تشدد میں دہشت گردوں نے کئی علاقوں کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ رمدی علاقہ میں پیر کو اس وقت جھڑپ شروع ہوگئی جب سیکوریٹی فورسیس نے سنی عرب مخالف حکومت احتجاجی کیمپ کو برخاست کردیا تھا۔ یہ تشدد قریبی فلوجہ شہر تک پھیل گیا اور سیکوریٹی فورسیس نے صوبہ عنبر کے کئی شہروں سے دستبرداری اختیار کرلی۔ وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نصف فلوجہ شہر اس وقت القاعدہ سے مربوط دہشت گردوں کے قبضہ میں ہے جبکہ مابقی نصف شہر مسلح قبائیلیوں کے کنٹرول میں ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دہشت گردوں نے وسطی اور جنوبی فلوجہ میں چیک پوائنٹس قائم کئے ہیں جہاں 6 تا 7 افراد کو متعین کیا گیا ہے۔ سڑکوں پر مسلح افراد کو القاعدہ کے حق میں نعرے لگاتے اور گھومتے ہوئے دیکھا گیا۔

قطر میں ملیالم اخبارات آگے
دبئی ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملیالم منورما کے دوحہ ایڈیشن کے آغاز کے ساتھ ہی ملیالم روزناموں نے قطر میں مقامی عربی اور انگریزی روزناموں کو پیچھے کردیا ہے۔ اس وقت قطر سے ملیالم کے 5 اخبارات شائع ہورہے ہیں جبکہ مزید کئی ایڈیشنس شروع ہونے کا بھی امکان ہے۔ ملیالم منورما کے دوحہ ایڈیشن کا یہاں کل آغاز ہوا۔ اس کے ساتھ ہی مقامی عربی (چار) اور انگریزی (تین) اخبارات پیچھے ہوگئے۔ یہ تمام اخبارات آن لائن ایڈیشن بھی رکھتے ہیں اس کے باوجود ملیالم عوام میں اخبار بینی کا کافی ذوق ہے اور وہ ملیالم اخبارات پڑھنے میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں۔