عراق میں وزیراعظم کے حکم سے 12 جہادیوں کو پھانسی

بغداد ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں ایک درجن ایسے جہادی جنہیں سزائے موت سنائی جاچکی تھی، کی سزاؤں پر وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم سے عمل آوری کی گئی جو دراصل دولت اسلامیہ گروپ کی جانب سے قید کئے گئے آٹھ افراد کو ہلاک کرنے کا شاخسانہ بھی تصور کیا جارہا ہے۔ حیدرالعبادی نے فوری حرکت میں آتے ہوئے ایسے سینکڑوں جہادیوں کی سزائے موت پر فوری عمل آوری کا حکم دیدیا اور اس طرح 12 جہادیوں کی سزائے موت پر عمل آوری کی گئی۔ توقع ہیکہ اس کے بعد بھی سزائے موت پر عمل آوری کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ دولت اسلامیہ گروپ نے جس طرح ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے اس پر قابو پانے کیلئے سزائے موت پر عمل آوری کرنا ناگزیر ہوگیا تھا۔