عراق میں سال 2013 ء میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

بغداد ۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں اقوام متحدہ مشن کے مطابق سال 2013 ء کے دوران تشدد کے واقعات میں 7818 عام شہری ہلاک ہوگئے اور یہ اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ صرف ماہ ڈسمبر میں ہی 759 افراد ہلاک ہوئے تھے، ان میں 661 عام شہری اور 98 سکیوریٹی فورسس کے ارکان شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2013 ء میں جملہ 8868 عام شہری اور سکیوریٹی فورسس ارکان ہلاک ہوئے۔ عراق میں شیعہ زیر قیادت حکومت نے سنی احتجاجی کیمپ کے خلاف اپریل میں تباہ کن کارروائی کی تھی جس کے بعد تشدد میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔ عراق کی القاعدہ شاخ اکثر شیعہ علاقوں کو حملوں کا نشانہ بناتی ہے ۔ اس کے علاوہ پڑوسی ملک شام میں خانہ جنگی کے بھی اس ملک پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔