عراق میں داعش حملے کرد بریگیڈیئر پانچ جنگجو ہلاک

کرکک ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامی مملکت (داعش) سے وابستہ جہادیوں نے عراقی صوبہ کرکک میں کئے گئے اپنے ایک بڑے حملے میں کرد کے ایک سینئر کمانڈر اور دیگر پانچ جنگجوؤں کو ہلاک کردیا۔ شمالی شہر کے جنوبی و مغربی علاقوں پر داعش کے حملے نصف شب کے بعد کئے گئے تھے جس کے ساتھ ہی کرد جنگجوؤں اور داعش جہادیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی چھڑ گئی جو آج صبح تک بھی جاری رہی۔ اس لڑائی میں اوسط اور بھاری اسلحہ کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا گیا۔ پولیس افسر اور ایک ڈاکٹر نے کہا کہ جھڑپوں میں گردی پیش مرگہ کے پانچ ارکان اور ایک بریگیڈیئر جنرل شرکورؤف ہلاک ہوگئے۔ ان جھڑپوں کے بعد کرکک میں آج 10 بجے دن کرفیو نافذ کردیا گیا۔ داعش نے جون میں ابتداء میں عراق کے چند حصوں پر قبضہ کے بعد بغداد کی سمت پیشقدمی کررہا تھا لیکن اچانک کرد اقلیت کے علاقوں پر حملوں کا آغاز کرتے ہوئے قبضہ کرلیا تھا۔ تاہم کردوں نے سخت مزاحمت کے بعد داعش کو پسپا کردیا۔